برازیل ہوائی جہاز میں کھڑکی والی سیٹ نہ ملنے پر خواتین گتھم گتھا
برازیل کے ہوائی جہاز میں کھڑکی والی سیٹ نہ ملنے پر خواتین نے ایک دوسرے کو تھپڑ اور مکے مارے اور بال کھینچے جس کی وجہ سے پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔ایک رپورٹ کے مطابق برازیل کی پرواز میں خواتین کے درمیان اس وقت جھگڑا ہوا جب دو خاتون مسافروں کے درمیان کھڑکی والی سیٹ پر بیٹھنے پر بحث شروع ہوئی جس کے نتیجے میں فلائٹ 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔برازیل کے خبر رساں ادارے کے مطابق طیارے کے اڑان بھرنے سے قبل ایک مسافر خاتون نے اپنے معذور بیٹے کو کھڑکی والی سیٹ پر بیٹھنے کے لیے ساتھ میں بیٹھی دوسری مسافر خاتون سے درخواست کی تھی۔خاتون کے انکار کرنے پر پہلی مسافر خاتون نے بحث و مباحثے کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد فلائٹ کا عملے نے دونوں خواتین کے درمیان جھگڑا ختم کرنے کی کوشش کی۔ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق فلائٹ کے کیبن کریو کے ایک رکن نے بتایا کہ ’میں جب دروازہ بند کررہا تھا تو میں نے دیکھا کہ دو خواتین ایک دوسرے کو تھپڑ مار رہی ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ جھگڑے کے دوران خواتین ایک دوسرے کو تھپڑ اور مکے مار رہی تھیں، ایک دوسرے کے بال کھینچ رہی تھیں اور گالیاں بھی دے رہی تھیں۔ایئرلائن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی جھگڑے میں ملوث تمام مسافروں کو پرواز سے اتار لیا گیا تھا تاہم واقعے کے باعث پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔