ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم آج احتجاجی مظاہرے کرے گی: مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم آج ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام مہنگائی کا ظلم سہنے کے بجائے پی ڈی ایم کے آج ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ عوام سڑکوں پر نکلیں گے تو مہنگائی کا ظلم روکا جاسکتا ہے۔ گرتی ہوئی دیواروں کو آخری دھکا دینے کے لئے عوام گھروں سے باہر نکلیں۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم آج ملک میں بدترین مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ آج پنجاب کے شہروں فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، خانپور، چکوال، ملتان، بھکر، میانوالی، ساہیوال، میاں چنوں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے شہروں نواب شاہ، دادو، ٹھٹھہ، سجوال، مٹھی، ہالہ سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ معاشرے کے تمام طبقات کو مہنگائی کے ظلم کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔