نیپال اور بھارت میں طوفانی بارشیں، 200 سے زائد افراد ہلاک،500 کے قریب زخمی
نیپال اور بھارت میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں مجموعی طور پر 200 سے زائد افراد ہلاک اور 500 کے قریب زخمی ہوگئے جب کہ بھاری مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال میں شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 99 افراد ہلاک ہوگئے اور 200 سے زائد زخمی ہیں جب کہ 40 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران مٹی کے تودے کے ملبے اور سیلابی ریلے سے 35 افراد کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب بھارت میں ایک ہفتے سے جاری بارشوں اور سیلابی ریلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 300 سے زائد زخمی ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اتراکھنڈ اور کیرالا میں ہوئیں۔ نیپال اور بھارت میں بارشوں، سیلابی ریلے اور مٹی کے تودے گرنے سے درجنوں گھر تباہ ہوگئے۔ سڑکوں اور پلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد افراد ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔ دونوں ملکوں کے محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بارش سے متاثرہ اضلاع کے میونسپلٹی اداروں اور اسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔