بھارت دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا

بھارت ممکنہ طور پر چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن چکا ہے۔یہ بات ورلڈ پاپولیشن ریویو (ڈبلیو پی آر) نے ایک رپورٹ میں بتائی۔یہ ادارہ دنیا بھر میں آبادی اور سماجی اعدادوشمار پر کام کرتا ہے۔ڈبلیو پی آر کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی آبادی 2022 کے اختتام پر 1.417 ارب تک پہنچ گئی تھی۔اس کے مقابلے میں چین کے محکمہ شماریات نے 17 جنوری کو بتایا تھا کہ ملکی آبادی 1.412 ارب ہے اور 1961 کے بعد پہلی بار آبادی میں کمی آئی ہے۔اس رپورٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ بھارت کی آبادی چین کے مقابلے میں 50 لاکھ زیادہ ہوچکی ہے۔بھارت میں 50 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے اور آنے والے برسوں میں معاشی شرح نمو تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے۔