کراچی,حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا وقت ختم، گنتی کا عمل جاری
شہرِ قائد اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں عوام نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی اور حیدر آباد میں آج صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ کراچی کے 7 جبکہ حیدر آباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں پولنگ ہوئی۔کراچی کے 7 اضلاع جن میں ضلع وسطی، شرقی، غربی، کورنگی، ملیر، کیماڑی اور ضلع جنوبی شامل ہیں، پولنگ کے عمل میں شریک ہوئے۔ 246 یونین کمیٹیز کیلئے ہر ووٹر کو 2 ہی ووٹ دینے کی اجازت ملی۔روشنیوں کے شہر کراچی کے 25 ٹاؤنز کی 246 یوسیز کے 984 وارڈز کیلئے شروع ہونے والی پولنگ کیلئے عوام گھروں سے نکل آئے۔ حیدر آباد کے 9 اضلاع میں بھی عوام بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالے گئے۔سندھ کے تاریخی شہر حیدر آباد میں 2551، دادو میں 1436، ٹنڈو محمد خان میں 452، مٹیاری میں 715، ٹنڈو الہیار میں 839 جبکہ جامشوروں میں 839 امیدوار مختلف نشستوں کیلئے مدِ مقابل آئے۔