ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی

ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی۔ جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 31.75 فیصد ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ جبکہ اس دوران 7 اشیاء ضروریہ میں کمی اور 21 میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 115 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا۔ اور اسی دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 115 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ ملک میں ایل پی جی سلنڈر کی اوسط قیمت 2680 روپے ہو گئی۔ لہسن 15 روپے 68 پیسے مہنگا ہوا، اوسط قیمت 363 روپے 10پیسے ہوگئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے انڈے 11 روپے 54 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ دال مسور 4 روپے 30 پیسے، دال مونگ 10 روپے37 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ اسی طرح دال ماش 6 روپے 28 پیسے اور دال چنا 5 روپے47 پیسے مہنگی ہوئی۔ چھوٹی بریڈ 4 روپے31 پیسے، ٹوٹا باسمتی چاول 5 روپے فی کلو مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق پیاز کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 38 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آگ جلانے والی لکڑی، چینی، دودھ اور گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 87 پیسے کمی آئی۔ جبکہ آلو 3 روپے 69 پیسے اور زندہ برائلرمرغی 17 روپے فی کلو سستی ہوئی