3برس میں کرپشن کا ایک بھی سکینڈل نہ آنا حکومت کا کریڈٹ : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر کینسر،کڈنی اور دیگر امراض میں مبتلا7 مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 31لاکھ 47 ہزار روپے کے فنڈز کا اجراء کر دیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت میرا مشن ہے۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ایک عبادت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے دکھی انسانیت کی خدمت کرتا رہوں گا۔ مستحق بیمار مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔ پنجاب حکومت مستحق مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔ حکومت مدت پوری کرے گی اور سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔ 3 برس کے دوران کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شفافیت کی نئی مثال قائم کی ہے اور اب کوئی قومی وسائل میں خیانت کی جرأت نہیں کرسکتا۔ سابق ادوار میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے۔ منصوبوں میں کک بیکس اور کمیشن کھائے گئے۔ ماضی میں کرپشن کے مینار کھڑے کرکے اربوں کی لوٹ مار کی گئی۔ ماضی میں ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا۔ قوم کرپشن کی ہوشربا داستانیں آج تک نہیں بھولی۔ ہماری حکومت کے دور میں کرپٹ افراد کو نکیل ڈالی گئی ہے اور عمران کی دیانتدار قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے۔ عثمان بزدار نے سینئر پارلیمانی رپورٹر شاکر سولنگی کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔