پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

پال سٹرلنگ کی نصف سنچری، سرفراز احمد کی ففٹی رائیگاں

پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مارچ 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ 157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پال سٹرلنگ نے پہلے اوور ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بٹورے۔ انہوں نے برق رفتاری سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھے اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔زاہد محمود نے گلیڈی ایٹرز کو پہلی کامیابی دلائی اور 13 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنانیوالے ایلکس ہیلز کی وکٹیں اڑا دیں۔زاہد محمود نے ایلکس ہیلز کی وکٹیں اڑا دیں جنہوں نے 13 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے تھے،پال سٹرلنگ بھی زاہد محمود کا شکار بنے لیکن وہ برق رفتار 56 رنز بنا چکے تھے۔ اس سے قبل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 2021ء کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حسن علی کے پہلے اوور میں صائم ایوب ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بناکر پانچویں گیند پر پال سٹرلنگ کو کیچ دے بیٹھے، کیمرون ڈیلپورٹ اور فاف ڈوپلیسی نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن 21 کے مجموعے پر فہیم اشرف نے ڈیلپورٹ کو آؤٹ کردیا۔ گلیڈی ایٹرز کو بڑا دھچکا حسن علی نے پہنچایا جب ڈوپلیسی 17 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے 41 کے سکور پر اعظم خان کو بھی آؤٹ کیا ۔بین کٹنگ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ،اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 10 ویں اوور کی5ویں گیند پر کٹنگ کی وکٹ حاصل کی، انہوں نے 2چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد نے 4 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔سرفراز احمد نے محمد نواز کے ساتھ ملکر ٹیم کا سکور 71 رنز سے 134 رنز تک پہنچایا،فہیم اشرف نے 54 رنز پر کھیلنے والے گلیڈی ایٹرز کے کپتان کو آؤٹ کردیا، انکی اننگز میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔زاہد محمود 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے 29 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، قبل ازیں شاداب خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کوشش کریں گے کہ کم سے کم سکور پر آؤٹ کریں۔ خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کل شیڈول تھا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ ملتوی کردیا گیا تھا۔پی ایس ایل کی جانب سے ٹوئٹر میں کہا گیا کہ میچ سے قبل ٹیکنیکل کمیٹی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں کم ازکم 2غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنیکی اجازت دی تھی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس اس وقت صرف 3غیر ملکی کھلاڑی موجود ہیں۔ میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، فاف ڈوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل سٹین، محمد حسنین اور نسیم شاہ شامل ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شاداب خان (کپتان)، پال اسٹرلنگ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، ایلکس ہیلز، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، موسیٰ خان اور محمد وسیم پر مشتمل ہے۔