یہ لانگ مارچ حکومت گرانے یا لانے کیلئے نہیں، ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنے کیلئے ہے: عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ کل 11 بجے لبرٹی چوک سے حقیقی آزادی کی تحریک کا آغاز کر رہا ہوں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ لانگ مارچ حکومت گرانے یا لانے کیلئے نہیں، ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنے کیلئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ فیصلے ملک کے اندر ہوں، کوئی پُتلے ہمارے فیصلے نہ کریں، دوسری چیز انصاف ہو، قانون کے سامنے سب برابر ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ چھوٹا سے طبقہ چوری کرتا ہے اور اپنے آپ کو این آراو دے دیتا ہے، ان سے آزادی کیلئے یہ تحریک ہے، یہ تحریک چلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاست یا ذاتی مفادات کی تحریک نہیں ہے، میں چاہتا ہوں آپ سب اس میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تحریک تب تک نہیں رکے جب تک ملک کو حقیقی طور پر آزاد نہیں کراتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تب ہوگا جب عوام صاف اور شفاف الیکشن سے فیصلہ کریں کہ کون اس ملک کی قیادت کرے گا۔