یو کرائن کے 60طیارے مار گرائے ، روس ما ریوپول سمیت اہم شہروں کا محا صرہ

کیف/ ماسکو (شنہوا‘نوائے وقت رپورٹ) یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی فوجیوں کو ملک سے نکلنے کا پیغام دیا ہے۔ یوکرائن کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ ہمارے فوجی اور بارڈر گارڈز ہمارے محافظ ہیں۔ زیلنسکی نے روسی فوجیوں کو خبردار کیا کہ وہ ان کے ملک سے نکل جائیں کیونکہ یوکرائن  آپ کی لاشوں کو دفنانا نہیں چاہتا۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ ہر حملہ آور کو پتا ہونا چاہئے کہ وہ یوکرائن سے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا حتی کہ ایک کنکر بھی نہیں۔ انہیں ہر جگہ تباہ و برباد کیا جائے گا۔ یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ روس کے یوکرائن پر حملے کے بعد سے اب تک 9000 روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ حملہ آور فوج کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ واپس اپنے گھر جائیں۔ حملہ آور روسی فوج کو  یہاں نہ سکون ملے گے نہ کھانا صرف یوکرائنی عوام کی جانب سے مزاحمت ملے گی۔ روس کے 217 ٹینکس‘ 30 لڑاکا طیارے‘ 37 ہیلی کاپٹرز تباہ ہو گئے۔ یوکرائنی شہر ماریوپول کو روسی فوج نے گھیر لیا ہے۔ دوسری طرف روس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعدادو شمار میں یوکرائن کے 60 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کو نائینکوف کے مطابق یوکرائن کے 484 ٹینک اور 47 ڈرون سمیت دیگر دفاعی ہتھیار تباہ  کردیئے گئے۔ مجموعی طور پر یوکرائن کے 1533 اثاثے تباہ  کر دیئے گئے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں روس سے یوکرائن میں خون ریزی روکنے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جبکہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرائن سے اب تک 10 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ عالمی عدالت انصاف میں یوکرائن پر حملے میں شہریوں کی ہلاکت پر روس کیخلاف ممکنہ جنگی جرائم کے سلسلے میں درخواست پر کارروائیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ یوکرائن کے مطابق مختلف شہروں میں روس کے حملے جاری ہیں۔ دارالحکومت کیف میں 4 دھماکے ہوئے۔ روسی حکومت نے یوکرائن میں لڑنے والے فوجیوں کو ہیرو قرار دیدیا۔ کریملن نے کہا ہے کہ یوکرائن میں روسی فوجیوں کو ہٹلر کے خلاف لڑنے والے فوجیوں کے ساتھ یاد کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے حملے کے بعد یوکرین سے اب تک 10 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ بڑی تعداد میں ملٹری اور سویلین املاک کو نقصان ہو چکا ہے جبکہ گھر بار چھوڑ کر ہجرت کرنے والے افراد کی بڑی تعداد نے پولینڈ کا رخ کیا ہے۔ جاپان نے یوکرین میں اپنا سفارت خانہ عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں امریکی صدر نے کانگریس سے ساڑھے 32 ارب ڈالر کی درخواست کی ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے کہا ہے کہ یوکرائن کیلئے 10 ارب ڈالر کی منظوری دی جائے۔ جنوبی کوریا یوکرائن کو ایک کروڑ ڈالر کی امداد دے گا۔ ادھر یوکرینی بندرگاہ اولویا پر بنگلہ دیشی کارگو جہاز پر میزائل جا لگا‘ عملے کا ایک کارکن ہلاک ہو گیا۔ عملے کے رکن نے میزائل لگنے کی تصدیق کر دی۔علاوہ ازیں فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے روسی ہم منصب پیوٹن سے فون پر رابطہ کیا۔ فرانسی صدر دفتر کے مطابق میکرون اور پیوٹن کے درمیان 90 فٹ طویل بات چیت ہوئی۔ فرانسیسی صدر نے پیوٹن سے گفتگو کے بعد یوکرائن کے صدر زیلنسکی کو بھی فون کیا۔ میکرون اور پیوٹن میں یہ تیسرا ٹیلی فونک رابطہ تھا۔ پیوٹن نے کہا کہ کیف سے مذاکرات میں تاخیر ہونے پر ماسکو اپنے مطالبات بڑھاتا رہے گا۔روسی فضائیہ کی شمالی شہر چیرنی ہیو میںدو سکولوں اور گھروں پر  بمباری،22افراد ہلاک ہوگئے۔