ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں، ہم جیت سکتے تھے، بابر اعظم
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں 26 رنز سے شکست پر ٹیم سے میچ کے دوران ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کیا ہے۔ بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں میچ کے نتائج پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعود شکیل کا آؤٹ مہنگا پڑا، ہمیں لگا کہ بال زمین پر ٹچ ہوئی ہے لیکن امپائر کے فیصلے کو ماننا پڑتا ہے اور وہی آخری فیصلہ ہوتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پروفیشنل ہونے کے ناطے ہمیں امپائرز کے فیصلے اور قوانین کو تسلیم کرنا پڑتا ہے۔اُنہوں نے ٹیم کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، ہم جیت سکتے تھے لیکن ہم میچ کا اختتام اچھا نہیں کر سکے۔اُنہوں نے کہا کہ آج یکے بعد دیگرے دو بہترین بلّے بازوں کے آؤٹ ہونے سے بہت فرق پڑا۔اُنہوں مزید کہا کہ ہم اپنی غلطیوں کی وجہ سے آؤٹ ہوئے، یہ کھلاڑیوں کی ذمے داری ہوتی ہے کہ کیسے کھیلنا ہے، سب کچھ پچز پر نہیں چھوڑا جا سکتا کھلاڑیوں کو اپنی ذمے داری لینا ہو گی۔