ہم آئین کے اندر رہتے ہوئے ہر جگہ متنازعہ قانون کے خلاف آواز اٹھائیں گے:اسد عمر
کراچی: سندھ حکومت کے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف اپوزیشن جماعتیں یکجا ہوگئیں۔ تحریکِ انصاف، ایم کیو ایم (پاکستان) اور جی ڈی اے سمیت اپوزیشن جماعتوں نے 19 دسمبر کو بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کے سندھ حکومت کے خلاف یکجا ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہرِ قائد سمیت سندھ کے حالات بہت برے ہیں۔ ہم بلدیاتی قانون کے خلاف تمام تر قانونی آپشنز استعمال کریں گے۔وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ہم آئین کے اندر رہتے ہوئے ہر جگہ متنازعہ قانون کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ سپریم کورٹ میں میرے اور وزیر اعظم کے دستخط سے پٹیشن پہلے ہی دائر کردی گئی ہے۔ بلدیاتی قانون کے خلاف تمام جماعتیں یکجا ہوگئیں۔شہرِ قائد میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام آل اسٹیک ہولڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کی متفقہ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ بلدیاتی اداروں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہئے۔ بلدیاتی قانون آئین کی دفعہ 140 اے کی اصل روح سے متصادم ہے۔
اپوزیشن کی متفقہ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سندھ بلدیاتی قانون میں بلدیاتی حکومت کو بااختیار بنایا جائے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر کا انتخاب براہِ راست ہونا چاہئے۔بلدیاتی حکومت کی میعاد مکمل یا تحلیل ہونے پر انتخابات ایک مخصوص مدت میں کرائے جائیں۔