ہالی ووڈ میں ڈیبیو کرچکی ہوں، جلد دوبارہ نظر آؤں گی، کبریٰ خان

راولپنڈی (نیوز ڈیسک )پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اور خوب رو اداکارہ کبریٰ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہالی ووڈ ڈیبیو دے چکی ہیں اور امید ہے کہ جلد دوبارہ ہالی ووڈ اسکرین پر نظر آئیں گی۔اداکارہ کبریٰ خان نے گزشتہ دنوں نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان اور شرکاء کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیئے۔میزبان نے اداکارہ سے ان کے ہالی ووڈ میں ڈیبیو کے حوالے سے سوال کیا اور کہا کہ ہالی ووڈ میں کام کا تجربہ کیسا رہا اور اب اگلی بار پھر کب نظر آئیں گی ؟جس پر کبریٰ خان نے انکشاف کیا کہ وہ بہت جلد دوبارہ ہالی ووڈ اسکرین پر نظر آئیں گی۔انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنی ڈیبیو فلم کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے فلم The Conversation میں کام کیا تھا، جس میں انہوں نے ایک ایشیائی لڑکی کا کردار نبھایا تھا۔انہوں نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ جب وہ لندن میں مقیم تھیں تو ان کے مینیجر مارکل فلیمنگزم کی کمپنی کے ذریعے مجھے مذکورہ کردار آفر ہوا تھا، فلم دی کنورزیشن میں میرا یہ کردار میرے لئے ہی لکھا گیا تھا کیونکہ ہر کوئی مجھے کہتا تھا کہ میں عام لڑکیوں کی طرح نہیں ہوں کیونکہ مجھے ویڈیو گیمز اور فائٹنگ گیمز کھیلنا بہت پسند تھا اس کے علاوہ ایڈوینچر اور کرائم فلمیں دیکھنا پسند تھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس فلم میں بھی ایک ایسی ہی خاص ایشیائی لڑکی کی ضرورت تھی، میرے کردار کے لیے صرف ایک دن کی شوٹنگ رکھی گئی تھی، کیونکہ یہ ایک کیمیو تھا۔خیال رہے کہ کبریٰ خان کی یہ فلم دی کنورزیشن 2018 میں ایمازون پر ریلیز کی گئی تھی۔

PakistaniShowbiz

KubraKhan