گوگل سرچ میں ایک نئے فیچر "موسمیاتی الرٹ” کا اضافہ
گوگل سرچ انجن کو روزانہ اربوں افراد مختلف معلومات کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اب یہ زندگی بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔گوگل کی جانب سے سرچ انجن میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔یہ نیا فیچر بنیادی طور پر موسمیاتی الرٹ ہوگا جو شدید گرم موسم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرے گا۔گوگل نے بتایا کہ آنے والے مہینوں میں ہیٹ ویوز اور موسمیاتی شدت میں اضافے کی توقع ہے جس سے ہیٹ اسٹروک اور اموات کا خطرہ بڑھ جائے گا۔اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس میں ہیٹ ویوز کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو محفوظ رکھنے کے لیے مشورے بھی دیے جائیں گے۔گوگل کے مطابق گزشتہ سال ہیٹ ویوز سے متعلق سرچز میں نمایاں اضافہ ہوا تھا اور اب جو صارف شدید گرم درجہ حرارت کے بارے میں تفصیلات جاننے کی کوشش کرے گا، تو اسے بتایا جائے گا کہ ہیٹ ویو کا آغاز اور اختتام کب تک ہوگا یا وہ خود کو محٖفوظ کیسے رکھے۔گوگل نے اس مقصد کے لیے گلوبل ہیٹ (Heat) ہیلتھ انفارمیشن نیٹ ورک سے شراکت داری کی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام تر تفصیلات قابل اعتماد اور نئی ہوں۔اس سے قبل گوگل کی جانب سے سیلاب، زلزلے اور سمندری طوفان کے انتباہی الرٹس کی سروسز بھی متعارف کرائی تھیں۔اب موسمیاتی پیشگوئی اور الرٹس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو شدید گرم موسم میں خود کو محفوظ رہنے کے طریقے بھی بتائے جائیں گے۔یہ فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔