کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کاکانووکیشن ، 800 سے زائد طلبہ میں ڈگریاں تقسیم

لاہور (نیوز رپورٹر)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا 11 واں کانووکیشن پٹیالہ بلاک میں منعقد کیا گیا 800 سے زائد طلبہ کو ڈگریاں دی گئی جن میں ایم بی بی ایس کے 654 طلبہ اور 100 پوسٹ گریجوایٹ طلبا شامل تھے۔ اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنیوالے پوسٹ گریجوایٹ اور ایم بی بی ایس کے طلباء کو 109 میڈلز سے نوازاگیا۔ مختلف مضا میں میں اول پوزیشن حاصل کر کے 23 میڈلزحاصل کرنے والی ڈاکٹر نورالصباح احمد سال 2020 کی بہترین آل راؤنڈ گریجوایٹ قرار پائیں اور سال 2019 کی بہترین گرایجویٹ 14میڈلز لے کر ڈاکٹر ثناء شاہد اور پوسٹ گریجویشن میں ڈاکٹر ملک نوید عوان قرار پائے۔تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب;223; چانسلر کے ای ایم یو چوہدری محمد سرور تھے جبکہ کیمکولینز ڈاکڑ راشد منصور اور ڈاکڑ احمد جاوید قاضی نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہاں سے ان کی پیشہ وارانہ زندگی کا نقطہ آغاز ہے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا طبی تعلیم کی ترقی اور تحقیق میں ہمیشہ سے کلیدی کردار رہا ہے۔پچھلے 2 سالوں میں پوری دنیا میں جہاں کرونا جیسی خطرناک وبا نے تباہی پھیلائی۔ ترقی یافتہ ممالک کا بہترین ہیلتھ ڈیلوری سسٹم بھی فیل ہو گیا وہاں اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے پاکستان میں شعبہ صحت نے اس وبا پر بڑے اچھے طریقے سے کنٹرول کیا۔ گذشتہ ماہ ہونے والی انٹرنیشنل دبئی ایکسپو 2020 میں شعبہ ٹیلی میڈیسن میں کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کی خدمات کو بین الا اقوامی سطح پر سراہا گیا۔