ڈنمارک،کوپن ہیگن کے شاپنگ مال میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک
کوپن ہیگن (نیوز ڈیسک) ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے شاپنگ مال میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے شاپنگ مال میں اتوار کے روز ایک نامعلوم حملہ آور نے فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں 3افراد کے ہلاک اور 3 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔اس سے قبل کوپن ہیگن کے پولیس چیف کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں ہلاک اور زخمی افراد کی تعداد کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ پولیس چیف کا کہنا تھا کہ وہ اس حملے کو ابھی دہشت گردی کی کارروائی قرار نہیں دے سکتے۔پولیس کے مطابق فیلڈ مال میں فائرنگ کے بعد ایک 22 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آواز سن کر مال میں موجود تمام افراد باہر کی جانب بھاگے اورہر طرف افراتفری مچ گئی۔واضح رہے کہ واقعے اور حملہ آور کے حوالے سے ابھی تک مزید کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔