پولیس رہائشگاہ کا محاصرہ کرچکی، شاید گرفتاری سے قبل یہ میرا آخری بیان ہو، عمران خان
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس میری رہائشگاہ کا محاصرہ کرچکی ہے، شاید گرفتاری سے قبل یہ میرا آخری بیان ہو۔عمران خان نے زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ آج خوف ہے پاکستان اس راستے پر نکل گیا جو تباہی کا راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال سے افراتفری ملک میں مچی ہوئی ہے، خوف ہے حکمت نہ استعمال کی گئی تو شاید بات وہاں پہنچ جائے جہاں ملک کے ٹکڑے واپس جمع نہ کرسکیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ پورا زور لگا ہوا ہے کہ کسی طرح عمران خان کا راستہ بند کیا جائے، الیکشن بھی نہ ہوں، آئین بھی ٹوٹ جائے لیکن مجھے نہیں آنے دینا۔ان کا کہنا تھا کہ سروے دیکھ لیں پاکستان میں پی ٹی آئی کی 70 فیصد مقبولیت ہے، پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے الیکشن نہیں لڑنا، ان کو خوف ہے کہ الیکشن ہوگیا تو عمران خان آجائے گا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ان کو فکر ہے اربوں روپے کے کرپشن کیس انہوں نے معاف کرائے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ کرپشن کا پیسا محفوظ رہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے پورا ملک تباہی کے راستے پر جارہا ہے، ان کو بس یہ خوف ہے کہ عمران خان آکر ہمارا این آر او واپس نہ لے۔