پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز: پنڈی ٹیسٹ کے سیکیورٹی انتظامات مکمل

راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ دونوں ٹیمیں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے اسٹیڈٰیم پہنچ گئی ہیں۔پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈٰیم میں موجود ہیں۔چوبیس سال بعد آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق 10 بجے شروع ہوگا۔دوسری جانب پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ سی پی او عمر سعید ملک نے آج علی الصبح کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔سی پی او عمر سعید ملک نے کرکٹ اسٹیڈیم اور گردونواح میں ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو چیک کیا جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی آپریشنز اور سینئر افسران نے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔سی پی او نے پوائنٹ ٹو پوائنٹ ڈیوٹی کو خود چیک کیا اور افسران کو ہدایات دیں جبکہ سی پی او نے کرکٹ ٹیمز کو اپنی نگرانی میں اسٹیڈیم پہنچایا۔اس موقع پر سی پی او عمر سعید ملک کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیمز، آفیشلز، شائقین کرکٹ اور اسٹیڈیم کی فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نےکہا کہ راولپنڈی پولیس کے 4500 سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی و ٹریفک فرائض سر انجام دے رہے ہیں. انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔