ٹوئٹر کا لوگو تبدیل،چڑیا کو اڑا کر ’کتا‘ آگیا

ایلون مسک نے ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کر دیا ،چڑیا، کو اڑا کر ،کتے، کو لوگو بنا دیا گیا ہے۔ ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے جب سے ٹوئٹر کو خریدا ہے تب سے اس میں بڑی تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور ان تبدیلیوں کا سلسلہ کہیں تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ اس بار ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا لوگو ہی بدل دیا گیا ہے۔اب سے صارفین کو نیلے رنگ کی چڑیا کی جگہ ،ڈوج، یعنی کتا نظر آیا کرے گا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی تاریخ میں سب سے بڑی تبدیلی ہوئی ہے، اپنے حیران کن فیصلوں کی وجہ سے شہرت پانے والے اس کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے لوگو کی نیلی چڑیا کی چھٹی کروا کر صارفین کو ایک اور بڑا سرپرائز دیا ہے۔ صارفین کو ٹوئٹر کے ویب پیج پر جانے سے نیلی چڑیا کی جگہ کتے کی تصویر نظر آ رہی ہے۔ تاہم اس وقت یہ تبدیلی صرف ویب پیج پر ہی کی گئی ہے اور ٹوئٹر ایپ پر ابھی بھی نیلی چڑیا والا لوگو ہی نظر آ رہا ہے۔ ہوم بٹن کے طور پر نظر آنے والی ٹوئٹر کی نیلی چڑیا کی بجائے اب صارفین کو کتے کی تصویر نظر آ رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ پیج ری فریش کرنے پر آنے والی چڑیا کی جگہ بھی کتے نے لے لی ہے۔