ووٹنگ مشین سے بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے جا سکتے شبلی فراز

اسلام  آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ میرا پہلے دن سے موقف ہے کہ بلدیاتی الیکشن ای وی ایم سے نہیں ہو سکتے۔ وزیر شبلی فراز  نے کہا  کہ صرف میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن ای وی ایم پر ہوسکتے ہیں، ای وی ایم صرف قومی اور صوبائی اسمبلی کے چناؤ کے لیے بنائی گئی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ پینل ہوتے ہیں، اس لیے یہ مشین استعمال نہیں ہو سکتی۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی خود مشینیں نہیں بناتی، وہ صرف الیکشن کمیشن کو خریداری میں سہولت فراہم کر سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کے معاملے پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے کہا گیا کہ وسائل اور وقت کی کمی کی وجہ سے صرف میئر کے انتخابات کے لیے ای وی ایم فراہم کر سکیں گے۔  الیکشن کمشن نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے تجرباتی مقاصد کیلئے 50 جبکہ بلدیات الیکشن کرانے کیلئے  3900 ای وی ایم مشینیں مانگی تھیں۔ ادھر خیبرپختونخوا کے17اضلاع میں بلدیاتی انتخابات  کے لیے  انتخابی  مہم رات بارہ بجے ختم ہو گئی۔ کل الیکشن ہونگے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق  خیبرپختونخوا  میں مجموعی طور پر66تحصیل کونسلز اور 2382نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کی نشستوں کے لیے پولنگ19دسمبرکو ہوگی جس میں  ایک کروڑ 26لاکھ 68ہزار 662ووٹرز اپنا  حق رائے دیہی استعمال کریں گے۔  

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے حوالے سے بعض ٹی وی چینلز پر چلنے والی خبریں درست نہیں. ترجمان وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق حکومت اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر الیکشن کرانے کے لئے پرعزم ہیں. ای وی ایم کے بارے میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی. دنیا میں ای وی ایم ٹیکنالوجی موجود ہے، دنیا بھر کی مینوفیکچررز کمپنیاں ای وی ایم مشینیں فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں. الیکشن کمیشن جونہی ٹینڈر جاری کرے گا، اس کے مطابق حکومت وسائل فراہم کرے گی اور ای وی ایم مشینیں باآسانی میسر ہوں گی. وزارت سائنس و ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کی خریداری میں سہولت فراہم کرے گی۔