نیٹ فلیکس کی جانب سے شہزادہ ہیری اور میگھن کی کہانی پر مبنی ڈاکومینٹری کا ٹریلر جاری

برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کے بیٹے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کی شادی شدہ زندگی اور چند برسوں سے ان کی جانب سے کیے جانے والے بعض اہم فیصلوں کے حوالے سے ایک ڈاکومینٹری (دستاویزی) سیریز تیار کی گئی ہے جس میں اس جوڑے کی محبت بھری داستان کے نشیب و فراز کی کہانی کا ان کے اپنے نقطہ نظر کے مطابق احاطہ کیا گیا ہے۔کئی ماہ کی پراسرار اور تجسس پر مبنی صورتحال کے بعد اس ڈاکومینٹری سیریز کے ٹریلر کو جائنٹ اسٹریمر نیٹ فلیکس نے بلآخر انسٹاگرام پر شیئر کردیا ہے جبکہ مکمل ڈاکومینٹری آئندہ آنے والے دنوں جاری ہوگی۔ یہ خوبصورت ٹریلر جس میں کہ اس جوڑے کے بطور ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس سے لے کر شاہی فرائض چھوڑ کر امریکا منتقلی سمیت دیگر چند رومانی اور دلکش تصاویر شامل ہیں۔جبکہ ان کے دورہ افریقہ اور میگھن مارکل کے بچے کی پیدائش سے قبل کی بھی تصاویر شامل ہیں۔ پچاس سیکنڈ کے اس ٹریلر میں شاہی جوڑے کو رائل فیملی میں درپیش صورتحال کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔ڈاکومینٹری کے پرومو میں جب شاہی جوڑے سے سوال کیا گیا کہ وہ کیوں یہ ڈاکومینٹری بنانا چاہتے ہیں تو شہزادہ ہیری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بند دروازوں کے پیچھے کیا ہوتا ہے کوئی نہیں دیکھ سکتا، لہٰذا مجھے اپنے خاندان کو تحفظ دینے کے لیے سب کچھ کرنا پڑا ہے۔