نشے میں ڈرائیونگ کرنے والے شخص سے سابق برطانوی وزیر اعظم کا جعلی ڈرائیونگ لائسنس مل گیا
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )ڈچ پولیس نے ایک شخص کو نشے میں ڈرائیونگ کے شبہ میں گرفتار کیا اور یہ جان کر حیران رہ گئی کہ اس کے ڈرائیونگ لائسنس پر سابق برطانوی وزیر اعظم ‘بورس جانسن’ کا نام ہے۔دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ دستاویز یوکرین میں بنائی گئی تھی اور اس پر برطانیہ کے سابق وزیر اعظم کی صحیح تاریخ پیدائش کے ساتھ ایک سرکاری تصویر بھی تھی۔ یہ لائسنس 2019 میں جاری کیا گیا تھا اور یہ سال 3000 تک کارآمد ہے۔ پولیس کے ترجمان تھیز ڈمسٹرا نے بتایا کہ یہ انکشاف اتوار کی آدھی رات کے فوراً بعد ایک حادثے کی تحقیقات کرنے والے افسران نے کیا۔حادثے کے بعد گاڑی کو چھوڑ دیا گیا لیکن بعد میں افسران کو بتایا گیا کہ ڈرائیور پل پر قریب ہی کھڑا ہے۔ وہ شخص اپنی شناخت نہیں بتاسکا اور اس نے بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کرانے سے بھی انکار کر دیا۔یہ شخص جس کی عمر 35 سال ہے، کا تعلق گروننگن کے مغرب میں واقع چھوٹے سے قصبے زیڈ ہورن سے تھا۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے ان کی گاڑی کی تلاشی لی۔ اندر سے، پولیس کو بورس جانسن کا جعلی ڈرائیونگ لائسنس ملا۔