نئی ھیلتھ پالیسی؛ intermittent fasting
اب کے جون کا مہینہ خوشی اور غم کا حسین امتزاج بن کے آیا ہے- شدّت کی گرمی ، خسارے کا بجٹ اور بکرا عید-
بجٹ تو خیر فال ہے کہ اگلے سال قدرتی آفات کے علاوہ آپ کو اور کن مشکلات سے گزر کر 365 دن گزارنے ہونگے – بلکہ ۲۰۲۴ والا بجٹ intermittent fasting کی نئی شکل ہے- موٹا کرنے اور صحتمند رکھنے والی چیز یں ، عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دی گئیں ہیں – یہ نئی ہیلتھ پالیسی ہے-
بجٹ میں اور عید الضحی پر سب سے زیادہ ریلیف حلال جانوروں کو ملا ہے- ذبح ہونے سے بچ گئی ہیں- بکروں اور گائے کو نئی اور لمبی حیاتیاں مبارک ھوں- دو سال پہلے پچیس ھزار والا بکرا اب لاکھ کے قریب بکرا منڈی میں مسکراتا پھر رہا تھا، ستر ھزار والی گائے دولاکھ کے قریب گاھکوں کے منہ چڑا رہی تھی-وہ وقت قریب ہے جب بکرے ہنس کر ہمارا حال چال پوچھیں گے کہ ” ھور سناؤ، کیا کھا رہے ہو، اج کل”
میری یاداشت جہاں تک ساتھ دیتی ھے , یہ چوتھی نسل ہے جو ” خسارے” کے بجٹ کے ساتھ پروان چڑھ رہی ہے- ملکی قرضہ لگ بھگ ایک لاکھ ارب تک پہنچنے والا ہے – آبادی، ھڈ حرامی اور ملکی قرضہ ساتھ ساتھ بڑھ رہے ہیں- عوام کو بجٹ میں بڑے ریلیف کی توقع تھی- عوام کا اپنی حکومت پر یہی اعتماد ،ہمارے سیاسی نظام کی کامیابی کی ضمانت ہے- حکومت بھی کہاں پیچھے رہنے والی تھی ، توقع پر پوری اتری اور عوام کو ریلیف دیا، بالکل دیا-یہ کوئی پہلی حکومت نہیں جو عوام کی توقعات پر پوری اتری ہو- ماضی کی تمام حکومتیں عوام کو ریلیف دیتی آئیں ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام اب چیتھڑوں میں گم سُم پھر رہی ہے-
بجٹ تقریر کے بعد سوشل میڈیا اور ٹی وی پروگراموں میں ماہرین آپس میں گتھم گھتا نظر آئے – 8 فروری 2024 کو یہی لوگ الیکشن نتائج پر سیر حاصل بحث کر رہے تھے- غزا کی جنگ اور اس کے محرکات کے لئے بھی یہی ماہرین تھے- موسمیاتی تبدیلیوں، خلا میں بھیجے گئے سیّاروں ، ریکوڈک ، کرکٹ ، ھاکی، کشتی رانی، شکار کے لئے انہیں دانشوروں کا علم ہمارے کام آ رھا ہے-
پوری دنیا میں بجٹ کو جادوئی حیثیت حاصل ہے ،جن کو ریلیف دینے کا ا علان ہوتا ہے، ان تک ریلیف پہنچ نہیں پاتا اور
جن کا بجٹ میں بالکل ذکر نھی ھو تا مثلا ٹاٹا، برلا، امبانی، جیف بوز، ایلن مسک، ملک، منشاء، ڈھیڈی ، مروت ،ترین، مخدوم، بھٹو ، لالیکے، چوھدری، مینگل، رئیسانی ، خٹک، میاں ان تک ریلیف چل کے پہنچ جاتا ہے۔
پانی ہمیشہ نیچے کی طرف بہتا ہے اور ریلیف اوپر کی طرف جاتا ہے-
۰-۰-۰-۰-۰-
ڈاکٹر عتیق الرحمان