میسی کی ٹیم نے سعودی عرب میں رونالڈو کی ٹیم کو شکست دے دی
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) اور ریاض آل اسٹار الیون کے درمیان کھیلا جانیوالا نمائشی میچ میسی کی پی ایس جی نے 4 کے مقابلے 5 گول سے اپنے نام کرلیا۔کنگ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسٹار پلیئر لیونل میسی، کرسٹیانو رونالڈو، نیمار اور کلیان ایمباپے سمیت دیگر کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیے۔دوستانہ میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے دو گول داغے لیکن ان کے حریف لیونل میسی بھی اسکور شیٹ پر شامل رہے، دوسرے ہاف میں دلچسپ مقابلے کے بعد لیونل میسی کی ٹیم پی ایس جی نے ریاض آل اسٹار الیون کو شکست دی۔دوستانہ میچ میں ریاض آل اسٹار الیون کے کرسٹیانو رونالڈو نے 2 گول جبکہ جینگ ہیون اور ٹیلسکا نے ایک ایک گول کیا۔اسی طرح پی ایس جی کی جانب سے کپتان لیونل میسی، ایمباپے، مارکوینوس، سرجیو ریموس اور ایکٹیکے نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔