میسی ٹرافی سوتے وقت بھی اپنے پاس رکھنے لگے، تصاویر وائرل
ارجنٹینا کو فٹبال کا عالمی چیمپئن بنانے والے لیونل میسی کو ورلڈکپ ٹرافی سے اتنا لگاؤ ہوگیا کہ وہ اسے سوتے وقت بھی اپنے پاس رکھنے لگے ہیں۔قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2022 کا تاریخی فائنل کھیلا گیا جس میں ارجنٹینا نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دیتے ہوئے تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کی ٹیم 2014 کے ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد 2018 کے ورلڈکپ میں راؤنڈ آف 16 میں ہی فرانس سے شکست کھا گئی تھی۔ میسی نے ورلڈکپ جیتنے کا اپنا خواب پورا کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جس کا نتیجہ انہیں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022 کے فائنل میں فرانس کو شکست دینے کے بعد مل گیا۔ سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والے میسی ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے بعد سے اب تک مختلف اوقات کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کر رہے ہیں۔ اپنی تازہ پوسٹ میں لیونل میسی نے ورلڈکپ ٹرافی سوتے وقت بھی اپنے پاس رکھنے کی تصویر شیئر کردی۔میسی کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جسے دیکھ کر ان کے مداح بھی دلچسپ تبصرے کرتے نہیں تھک رہے۔