میانوالی: انکوائری میں نو جوانوں پر تشدد ثابت‘ سب انسپکٹر‘ اے ایس آئی برخاست
میانوالی (نامہ نگار) تھانہ سٹی میں دو لڑکوں پر تشدد کرنے والے دو پولیس افسران کو ڈی پی او میانوالی حسن اسد علوی نے محکمہ پولیس سے برخاست کر دیا۔ پولیس کے سربراہ حسن اسد علوی نے دو لڑکوں پر تشدد کرنے اور اس کی عزت نفس مجروح کرنے والے پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔تھانہ سٹی میں تعینات سب انسپکٹر عبدالسلام اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر جنید خان نے شہری رانا اسد اور رانا مہد کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر ڈی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری مقدمہ درج کرکے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ایس پی انوسٹی گیشن رانا محمد ارشد اور ڈی ایس پی صدر شوکت علی کی انکوائری رپورٹ میں پولیس افسران قصوروار قرار پائے گئے۔ قصور وار ٹھہرنے پر دونوں پولیس افسران کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ڈی پی او حسن اسدنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ۔شہریوں کے ساتھ بدتمیزی میں ملوث اہلکاروں کی میانوالی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف زیروٹالیرنس پالیسی ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی پولیس آفیسر یا اہلکار ک شہریوں کی عزت نفس مجروح کرنے کا کوئی حق نہیں،میانوالی پولیس کے رویوں میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔