ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار رہے لیکن اب ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معدنیات کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے منعقد کیے گئے ’پاکستان منرل سمٹ‘ میں شرکت کی۔

شہباز شریف نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے جبکہ تھرکول دنیا میں کوئلے کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ70 کی دہائی میں روس کی شراکت سے پاکستان اسٹیل مل کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن ترقی میں بڑی رکاوٹ بنی اور نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیا گیا اور مسائل کا غیر روایتی حل دینے والے لوگ نیب کا شکار ہوگئے۔

اس موقع پر وزیرِ مملکت مصدق ملک نے کہا ملک میں چھوٹے بڑے انڈسٹریل زون بنائے جائیں گے، معدنیات کے انقلاب سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس سمٹ میں سعودی عرب کے نائب وزیر کان کنی خالد صالح المظفر، غیر ملکی مندوبین ، ماہرین معدنیات اور سرمایہ کار بھی شریک ہوئے۔