مارک زکربرگ اس سال سب سے زیادہ کمانے والے فرد بن گئے
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک زکربرگ 2023 کے دوران دنیا میں اب تک سب سے زیادہ دولت کمانے میں کامیاب رہے ہیں بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2022 میں میٹا ورس کی تیاری کے لیے پرعزم مارک زکربرگ کو بہت زیادہ مالی نقصان ہوا تھا۔درحقیقت ایک موقع پر تو ان کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی بھی آئی اور وہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد سے باہر نکل گئے تھے۔مگر 2023 میں مارک زکربرگ نے اپنی توجہ حقیقی دنیا پر مرکوز کرتے ہوئے میٹا پلیٹ فارم کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے۔یہ اقدامات کمپنی کے لیے اب تک بہتر ثابت ہوئےہیں اور مارک زکربرگ کی دولت میں رواں سال کے دوران 44 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے۔مارک زکربرگ اس وقت 89.9 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 12 ویں امیر ترین شخص ہیں۔مارک زکربرگ میٹا کے 12.8 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور ان کی دولت کا انحصار بھی اس پر ہے۔مارک زکربرگ کے ساتھ ساتھ میٹا کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اس سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔میٹا کی مارکیٹ ویلیو 245.6 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔جنوری سے مارچ 2023 کی سہ ماہی کے دوران میٹا نے 5.7 ارب ڈالرز کا منافع کمایا جو 2022 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں 22.7 فیصد زیادہ تھا۔خیال رہے کہ میٹا نے اخراجات میں کمی کے لیے ہزاروں افراد کو ملازمتوں سے نکال دیا تھا۔