لیموں پانی کا استعمال صحت کے لیے ناقابل یقین فوائد رکھتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح نہار منہ کھائی یا پینے والی ہر غذا دن میں دیگر اوقات کے مقابلے میں صحت پر سو گنا زیادہ اثر انداز ثابت ہوتی ہے اور اگر صبح نہار منہ ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کا رس نچوڑ کر پی لیا جائے تو یہ عادت صحت پر حیرت انگیز اثرات مرتب کرتی ہے۔صبح بیداری کے بعد پہلی غذا اور مشروب بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اسی لیے طبی و غذائی ماہرین کی جانب سے ناشتے کو دیگر کھانوں پر ترجیح دی جاتی ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت برقرار اور قوتِ مدافعت مضبوط رکھنے کے لیے صبح کی پہلی غذا اور مشروب کا فیصلہ بڑی عقلمندی سے کرنا چاہیے تاکہ آنے والا دن اچھا گزر سکے اور اگر سارا دن چاک و چوبند گزارنا چاہتے ہیں تو لیموں پانی کے ایک گلاس سے دن کا آغاز کرنا اچھا ثابت ہو گا۔
امریکی ویب سائٹ ’ ہیلتھ لائن ‘ کے مطابق صبح کا آغاز چائے یا کافی سے کرنے سے بہتر ہے کہ ایک گلاس نیم گرم پانی کے ساتھ لیموں کا استعمال کیا جائے، اس عادت کو اپنا لینے سے وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ صحت پر دیگر بے شمار فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔امریکی ماہرِ غذا ئیت ’نتالی اولسے‘ کے مطابق ایک گلاس نیم گرم لیموں پانی سے دن کا آغاز کرنا صحت مندانہ عمل ہے، اس کے مثبت اثرات دِنوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔نتالی اولسے کا کہنا ہے کہ انسانی جسم ایک مشین کی طرح ہے اگر اسے 6 سے 8 گھنٹے کے بعد پہلا مشروب لیموں پانی دیا جائے تو یہ مشین اچھے طریقے سے چلے گی اور بہت سی بیماریوں سے بچت بھی ہو جائے گی۔
امریکی محکمہ زراعت ( USDA) کے مطابق وٹامن سی کے لحاظ سے لیموں پھلوں میں سرفہر ست نہیں ہے مگر وٹامن سی حاصل کرنے کے لیے یہ ایک اچھا ذریعہ ضرور ہے۔
غذائیت کے لحاظ سے ایک لیموں کے جوس میں تقریباً 18.6 ملی گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے جبکہ بالغ انسان کے لیے ایک دن میں وٹامن سی 65 سے 90 ملی گرام تجویز کیا جاتا ہے۔
اسی طرح لیموں کے رس میں وٹامن بی، وٹامن سی، پوٹاشیم اور کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ صحت بخش روغنیات بھی شامل ہوتے ہیں جبکہ لیموں کا رس ایک قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ کا کام بھی کرتا ہے۔
روزانہ کی بنیاد پر نہار منہ نیم گرم پانی کے طبی فوائد درج ذیل ہیں:
لیوں پانی کا استعمال پانی کی کمی سے بچاتا ہے
دنیا بھر میں بیشتر افراد روزانہ مناسب مقدار میں پانی نہیں پیتے، نہار منہ لیموں پانی کا استعمال دن کے اچھے آغاز اور پانی کی کمی دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
ڈیٹاکسنگ ایجنٹ
غذائی ماہرین کے مطابق لیموں میں الکلائن کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے جو انسانی جسم میں ’پی ایچ‘ کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے، لیموں پانی مضر صحت اجزا بھی جسم سے نکال دیتا ہے جس سے انسان خود کو تازہ دم اور ہلکا محسوس کرتا ہے۔
نظام ہاضمہ کے لیے بہتر
اگر نظامِ ہاضمہ ٹھیک کام نہیں کر رہا اور تیزابیت کی شکایت ہے تو لیموں پانی اِس کا بہترین علاج ہے، اس سے میٹابالزم میں تیزی آتی ہے جس سے تیزابیت کا خاتمہ اور معدے کو آرام ملتا ہے، لیموں پانی سے جسم کے ساتھ زہریلے اجزاء بھی زائل ہو جاتے ہیں۔
جِلد کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے
لیموں اور شہد دونوں ہی خون کی صفائی کا کام کرتے ہیں اور جسم سے مضرِ صحت کیمیائی مادوں کے اخراج میں مدد دیتے ہیں جس کے نتیجے میں جلد صاف ہوتی ہے اور اس میں نکھار آتا ہے۔
وزن گرانے میں مددگار
لیموں میں موجود گھلنے والا فائبر جسے’ پیکٹن ‘ کہا جاتا ہے وزن میں کمی لانے میں بہترین مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
نزلہ، زکام اور معدے کے امراض سے حفاظت
روز صبح گرم پانی کے ساتھ لیموں اور شہد کا استعمال نزلہ اور زکام سے حفاظت دیتا ہے، لیموں اور شہد کا پانی خراش زدہ گلے کو آرام فراہم کرتا ہے اور وائرل فلو سمیت خشک کھانسی اور بہتی ناک سے بچاتا ہے۔
گردے میں پتھری کے عمل کو روکتا ہے
لیموں میں موجود سٹرک ایسڈ گردے میں پتھریوں کے بننے کے عمل کو روکتا ہے، سائٹریٹ، سٹرک ایسڈ کا جز ہے جو یورین میں تیزابیت کی مقدار کو کم کرتا ہے جس سے پتھری کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں ٹوٹنے میں مدد ملتی ہے، لیموں پانی سے نہ صرف ویٹامن سی ملتا ہے بلکہ گُردے میں پتھر ی بننے کے عمل کی روک تھام میں بھی مدد گار ثابت ہوتا ہے۔