قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ میں بارشوں سے تباہی، گھر، پل، مویشی اور رابطہ سڑکیں بہہ گئیں

قلعہ سیف اللہ (نیوز ڈیسک)قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی۔لیویز کنٹرول کے مطابق چمن کے علاقے مسلم باغ میں سیلابی ریلوں کے باعث شدید نقصان ہوا جہاں 100سے زائد گھر،کاریز، سیکڑوں درخت اورمویشی بہہ گئے جب کہ رابطہ پل اور سڑکیں بہہ جانے سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث امدادی ٹیموں کو بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔دوسری جانب چمن کے علاقے توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی سمیت قریبی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جس سے رابطہ سڑکیں سیلابی ریلوں کی وجہ سےدوبارہ بند ہوگئیں جب کہ پاک افغان سرحدی علاقے بھی مون سون کے طاقتور ترین سسٹم کے زیر اثر آگئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق آج دوپہر سے چمن کے بیشتر علاقوں میں مزید طوفانی بارش متوقع ہے جس سے قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان،کوہلو، موسیٰ خیل میں سیلابی صورتحال کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔اس کے سبی، بولان، قلات،خضدار،لسبیلہ،آواران، تربت، پنجگور میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔