فیفا ورلڈ کپ، آج 4 میچز کھیلے جائیں گے

فیفا ورلڈ کپ میں آج بھی چار میچز کھیلے جائیں گے، گروپ ای کے میچز میں جاپان اگلے راؤنڈ تک رسائی کی راہیں ہموار کرنے کی کوشش کرے گا جبکہ جرمنی کی ٹیم ایونٹ میں اپنی بقا کی جنگ لڑنے کیلئے میدان میں اترے گی، گروپ ایف کے بھی دو میچز آج ہی ہوں گے۔قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں آج بھی چار میچز ہوں گے، دن تین بجے جاپان اور کوسٹا ریکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جاپان نے پہلے میچ میں جرمنی کو دو ۔ ایک سے شکست دی تھی جبکہ کوسٹا ریکا کو اسپین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آج کے میچ میں جیت جاپان کی اگلے راؤنڈ تک رسائی کی راہیں ہموار کردے گی۔گروپ ای کا ایک اور میچ رات 12 بجے ہوگا جس میں دو سابق چیمپئینز جرمنی اور اسپین کا مقابلہ ہوگا، پہلے میچ میں شکست کے بعد جرمنی کیلئے اس میچ میں جیت کافی ضروری ہوگئی ہے۔دوسری جانب گروپ ایف میں بیلجیئم کا مقابلہ مراکش جبکہ رات 9 بجے کروشیا کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا، گروپ ایف کے پہلے راؤنڈ میں بیلجیئم نے کینیڈا کو شکست دی تھی جبکہ مراکش اور کروشیا کا مقابلہ برابر رہا تھا۔