فلپائن میں سمندری طوفان : 72 افراد ہلاک، سیکڑوں لاپتہ

فلپائن کی ڈزاسٹر ایجنسی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان نلگئی کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور لینڈسلائڈنگ کے مختلف واقعات میں اب تک 72 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق سمندری طوفان کے باعث صرف جنوبی صوبے میگئن داناؤ میں ہلاکتوں کی تعداد 67 ہو چکی ہے جبکہ سلطان قدرت اور جنوبی کٹابٹو میں 2-2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں  اور باقی تمام ہلاکتیں وسایاس ریجن سے رپورٹ ہوئی ہیں۔حکام کے مطابق 95 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہواؤں کے باعث مشرقی صوبے کیٹان ڈوئنس میں کئی مقامات پر لینڈسلائڈنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ڈازاسٹر ایجنسی کے اہلکار نصر اللہ امام کا کہنا ہے کہ ہم تمام ریسکیو ٹیموں سے معلومات جمع کر رہے ہیں، بارش رکنے کے بعد مزید لاشیں ملنے کا امکان ہے جبکہ ریسکیو اہلکار گمشدہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔