عالمی سیاست کا مرکزی نقطہ

انسان کا ذہن بہت لچکدار ہے- اپنی حرکتوں کے دفاع میں اور دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے سارے جواز فورا گڑھ لیتا ہے- اس وقت عالمی سیاست کا مرکزی نقطہ بھی  یہی ہے، طاقت ور ریاستوں نے کمزور ریاستوں کے خلاف اپنی تمام حرکتوں کا جواز گڑھ رکھا ہے  کہ "ہم بالکل ٹھیک ہیں تم غلط ہو”- کیونکہ سب بالکل ٹھیک کر رہے ہیں ،اسی لئے دنیا کا سارا نظام چوپٹ  ہوا پڑا ہے- 

ترکی کے وزیر خارجہ نے سوموار کو مصر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات کو بہت سیریس لینا چاہیے-  

روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان دھشت گردی کا مرکز بنتا جا رھا ہے- اتوار کو روس کے دیگستان کے علاقے میں چرچ اور مذہنی عبادت گاہوں پر حملے میں بیس افراد ھلاک ہوئے اور داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ھے- پچھلے ھفتے روسی صدر نے شمالی کوریا کے دورے کے دوران مغرب کی پالیسیوں کا سختی سے جواب دینے کا عندیہ دیا تھا-

پاکستان پر ہونے والی دھشت گردی کے تانے بانے بھی افغانستان اور بھارت سے جا ملتے ہیں- حال ہی میں بھارت  کینیڈا اور امریکہ میں سکھ لیڈروں کے قتل نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے-  عالمی سیاست میں بھارتی پنگے بازی  خطرناک  ھے- اسی لئے اب کانگرسی لیڈر نے بی جے پی اور مودی کو فاشزم روّیوں سے اجتناب برتنے کو کہا ھے-

آج کل تو امتحانات میں ملٹی پل چوائس سوالوں کا رواج ہے ، پرانے وقتوں میں طلباء کی قابلیت جانچنے کے لئے مرکزی خیال یا خلاصہ پوچھتے تھے-  اگر انسان کو مرکز والے خیال کی سمجھ آ جائے تو باقی معاملات خود بخود سمجھ آ جاتے ہیں- دنیا چونکہ تھوڑی چپٹی ہے  اور مسلسل حرکت میں ہے، اسی لئے اس سیّارے پر بسنے والوں  کے مرکزی خیال  تھوڑا سرکتے رہتے ہیں اور ان کو مکمل سمجھنا بہت مشکل ہے- یہاں بسنے والوں کا  مرکزی نقطہ   یہی ہے کہ جہاز اڑنے والا، بنگلہ چوکور اور مقصد حیات گول  ہونا چاہیے- 

پاکستان کی سیاست کا مرکزی خیال مائع لگی شلوار قمیص اور ویسٹ کوٹ ہے- کمال فن ہے دھوبی کا جو مائع لگی  شلوار قمیص کی سلو ٹیں نکال کر اسے دو دھاری تلوار بنا دیتا ہے- انگریز گہرے نیلے رنگ کے  پینٹ کوٹ اور رنگین ٹائی کے پیچھے چھپ  کر شرارتوں کو ترجیح دیتا ہے-  دنیا کی سب سے گنجان آباد جمہوریت میں کامیاب سیاست کے لئے  سفید دھوتی اور سنگترے رنگ کا مفلر گلے میں ڈالنے  کا رواج ہے- سنگترے رنگ کے علاوہ  سیاست کا مرکزی نقطہ ،انتہاء پسندی ہے- بھارت میں غیر ہندو مذاہب اور چھوٹی ذاتوں  کے لئے زندہ  رہنا ایک فن  بنتا جا رھا ہے-  

بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا پیا گھر سدھار گئیں- ان کے شوہر ظہیر اقبال مسلمان ہیں- دولہا کے والد کو آر ایس ایس کے ڈر سے باقاعدہ اعلان کرنا پڑا کہ سوناکشی مسلمان نہیں ہونگی-