طلبہ نے تقریری مقابلوں میں ا عتماد کا مظاہرہ کیا، شرف علی شاہ
کراچی (نیوزرپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے کانفرنس ہال میں ہفتہ طلبہ کے سلسلے میں تقریری مقابلہ ہوا جس کا موضوع ’’تم ہو اک زندہ جاوید روایت کے چراغ‘‘ تھا۔اس مقابلے میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے سو سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ چیئر مین بورڈ سید شرف علی شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام طلبہ نے اس موضوع پر بڑے اعتماد کے ساتھ اظہار خیال کیا۔ مجھے امید ہے کہ آپ مستقبل میں بھی انٹر بورڈ مقابلوں میں شرکت کریں گے اور اپنی عملی زندگی میں بھی اسی خود اعتمادی اور عزم کا مظاہرہ کریں گے۔ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریسرچ سیکشن کے عملے خصوصاً ایم اے جعفری کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ ہفتہ طلبہ کے انعقاد میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نئی نسل میں آگے بڑھنے کی بڑی صلاحیت ہے۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کا ریسرچ سیکشن ہم نصابی سرگرمیوں کو طلبہ کی شخصیت کی تعمیر کے لیے بہت اہم سمجھتا ہے۔ اس موقعے پر ڈاکٹر رخسانہ صبا، پروفیسر رخسانہ ناز اور ڈاکٹر سعید احمد صدیقی نے منصفین کے فرائض انجام دیئے جبکہ نظامت کے فرائض صوبیا خان نے ادا کئے۔مقابلوں میں قائداعظم رینجرز اسکول نارتھ ناظم آباد کے علی شیرنے پہلی پوزیشن، اقراء حفاظ بوائز اسکول بلال کالونی طیب سلیم چوہدری نے دوسری پوزیشن اور جامعہ تاجیہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول بفر زون کے محمد یحیٰی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔