صحافی کے قتل پر افسوس، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے: وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے صحافی اطہر متین کے بہیمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں دہشت گردوں کی گولی کا شکار ہونے والے صحافی کے قتل پر کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں فائرنگ سے نجی چینل سما کے سینئر پروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہو گئے۔ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف عثمان کے مطابق ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے کہ صحافی اطہر متین نے واردات ناکام بنانے کے لیے اپنی گاڑی سے ملزمان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری .جس سے ملزمان نیچے گرے اور غصے میں اطہر متین کی کار پر فائرنگ کر دی۔