شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش

کراچی میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے۔   موسم سرما کی پہلی بارش۔ موسم خوشگوار ہو گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں دھند کا راج برقرار ہے جبکہ حد نگاہ 3 کلو میٹر تک محدود ہو گئی۔کراچی میں سپر ہائی وے اور اطراف کی شاہراہیں شدید دھند کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث مسافروں کو سفر میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

محکمہ مو سمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔کراچی میں اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔شہر میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوا چل رہی ہے، آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔مغربی ہواؤں کے سلسلے میں شہر میں آج سے بوندا باندی کا آغاز ہوگا۔ 28  دسمبر تک شہر میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ مو سمیات کے مطابق اس دوران ناصرف تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے بلکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔

پاکستان ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں ہفتے اور اتوار کو موسمِ سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کے ساتھ ہی الرٹ جاری کردیا تھا۔پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، دادو، جامشورو، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد میں بارشوں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے بلدیاتی اداروں سمیت ضلعی انتظامیہ کو بارشوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔