شوہر اور بیوی میں سے کسی ایک کی جانب سے شکر گزاری کا اظہار کرنے سے باہمی رشتہ مضبوط ہوتا ہے،تحقیق
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ شوہر اور بیوی میں سے کسی ایک کی جانب سے شکر گزاری کا اظہار کرنے سے باہمی رشتہ مضبوط ہوتا ہے، جھگڑوں اور مالی تناؤ کا امکان کم ہوتا ہے جبکہ رشتے سے اطمینان بڑھتا ہے۔اس تحقیق میں 316 جوڑوں کے باہمی تعلق کا جائزہ 15 ماہ تک لیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب کسی فرد کی جانب سے شریک حیات کے کاموں کی ستائش کی جاتی ہے تو ان کا تعلق زیادہ مضبوط ہوجاتا ہے جبکہ ان کا رشتہ اندرونی یا بیرونی وجوہات سے متاثر نہیں ہوتا۔محققین نے بتایا کہ نتائج سے کسی رشتے کے حوالے سے شکرگزاری کی اہمیت کا اظہار ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں شامل بیشتر جوڑے درمیانی عمر کے تھے اور چھوٹے قصبوں میں مقیم تھے جن کی آمدنی بھی کافی کم تھی۔
15 ماہ کے دوران ان جوڑوں سے3 بار سوالنامے بھروا کر معلوم کیا گیا کہ ان میں لڑائیاں کتنی ہوتی ہیں یا شریک حیات کی جانب سے شکر گزاری کا اظہار کیا جاتا ہے یا نہیں۔
ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کتنے خوش یا ناخوش ہیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ شوہر یا بیوی میں سے کسی ایک کی جانب سے شکرگزاری کا اظہار تناؤ کو روکنے کا کام کرتا ہے جس سے باہمی رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔محققین کے مطابق شکرگزاری کے اظہار کے اس اثر کا پہلے کبھی جائزہ نہیں لیا گیا تھا تو ہمیں اس کا بالکل بھی اندازہ نہیں تھا۔