سیڑھیاں چڑھنا صحت کے لیے مفید قرار

متعدد تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ 30 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمیاں صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔اس سے جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ جسمانی فٹنس کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے جبکہ متعدد امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمیوں کا مشورہ دیا جاتا ہے۔مگر موجود عہد میں بیشتر افراد کے پاس روزمرہ کی مصروفیات کے باعث ورزش کرنے کا وقت نہیں ہوتا یا ہمت نہیں ہوتی۔مگر آپ ایک عام سی عادت کی مدد سے یہ کمی پوری کرسکتے ہیں۔سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے آپ خود کو جسمانی طور پر زیادہ متحرک رکھ سکتے ہیں اور اچھی بات یہ ہے کہ اس کے لیے کسی قسم کے سامان یا تیاری کی ضرورت بھی نہیں۔خاص طور پر اگر آپ اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو سیڑھیاں چڑھنے کو عادت بنالیں۔ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔تحقیق میں 8 ہزار افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ماہرین نے دریافت کیا کہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت اور قبل از وقت کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق موجود ہے۔اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانے کے خواہشمند ہیں تو سیڑھیاں چڑھنے کی عادت اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔سیڑھیاں چڑھتے ہوئے زیادہ مسلز کے متحرک ہونے سے زیادہ کیلوریز جلتی ہیں جس سے وقت گزرنے کے ساتھ جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔