سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جو کہ 3 روزہ جنگ بندی کے دوران بھی مختلف مقامات پر جاری رہیں۔سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے نمائندے والکر پرتھیس نے کہا ہے کہ سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے رہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔والکر پرتھیس کا کہنا ہے کہ فریقین کے سنجیدگی سے بات چیت کے لیے تیار ہونے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سوڈان سے مختلف ممالک کی جانب سے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق 50 سے زائد ممالک کے 1700 شہریوں کو لے کر بحری جہاز سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سوڈان سے شہریوں کو نکالنے کے لیے برطانوی فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ قبرص پہنچ گیا ہے۔سوڈان میں 15 اپریل سے جاری پُرتشدد کشیدگی میں اب تک 459 افراد ہلاک اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔