سوئیڈن کی چند گھنٹے میں مستعفی ہونے والی وزیراعظم دوبارہ منتخب
میگڈیلینا اینڈرسن دوبارہ وزارت اعظمی کا منصب سنبھالنے والی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں
سوئیڈن کیچند گھنٹے وزیراعظم رہ کراستعفی دینے والی میگڈیلینا اینڈرسن دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوگئیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سوئیڈن کی پارلیمنٹ نے میگڈیلینا اینڈرسن کودوبارہ وزیراعظم منتخب کرلیا۔ پارلیمنٹ میں سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی میگڈیلینا اینڈرسن کے حق میں 101 اور مخالفت میں 173 ووٹ آئے جبکہ 75 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا ۔ سوئیڈش نظام کے تحت وزارت عظمی کے امیدوار کو پارلیمنٹ میں اکثریت درکار نہیں ہوتی تاہم امیدوار کی مخالفت میں 175 سے زیادہ ووٹ نہیں آنے چاہیئیں۔ میگڈیلینا اینڈرسن دوبارہ عہدہ سنبھالنے والی سوئیڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں۔ کچھ روز قبل میگڈیلینا نے اتحادی پارٹی کے حکومت سے الگ ہونے پر وزارت اعظمی کا منصب سنبھالنے کے چند گھنٹوں بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔