سندھ: جوگیوں میں شادی طے ہونے سے قبل لڑکے کی سسرال میں تین ماہ کی ’انٹرن شپ‘کی رسم

سندھ میں جوگیوں کی برادری میں شادی طے کیے جانے کے وقت ایک انوکھی رسم عرصہ دراز سے چلی آ رہی ہے۔اس رسم میں لڑکے کو منگنی کے بعد لڑکی والوں کے گھر رہ کر اپنی محبت اور ذمہ داری کا یقین دلانا ہوتا ہے اور اگر لڑکی والوں کو لڑکے کے خلوص کا یقین ہو جائے تو وہ شادی کے لیے ہاں کر دیتے ہیں۔جوگی برادری کے ایک رکن علی شیر جوگی نے اس رسم کے حوالے سے بتایا: ہماری برادری میں منگی کے موقعے پر لڑکے والے اپنی برادری کے ہمراہ آتے ہیں۔اس میل ملاپ میں طے پاتا ہے کہ لڑکا منگنی کے بعد کچھ وقت اپنے ہونے والے سسرال میں رہے گا تاکہ اس کا چال چلن اور برتاؤ پرکھا جا سکے۔ اگر لڑکا پاس ہو جائے تو رشتہ کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لڑکا اور لڑکی ایک گھر میں رہنے کے باوجود نہ تو ایک دوسرے کو دیکھ سکتے ہیں اور نہ ہی بات چیت کی اجازت ہوتی ہے۔بقول علی شیر: گو یہ ہماری بہت پرانی رسم ہے مگر بدلتے زمانے کی وجہ سے یہ تبدیل ہو رہی ہے۔ اب اکثر قبیلوں میں منگنی کے بعد لڑکا اپنے گھر چلا جاتا ہے۔