زرداری کیخلاف بیان پر بختاور بھٹو کا عمران خان کو کرارا جواب

کراچی(نیوز ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بیان دینے پر اُن کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔بختاور بھٹو زرداری نے عمران خان کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ثبوت کے ساتھ اپنے جنون کو عدالت میں کیوں نہیں لے جاتے، ورنہ ہمارے وکلاء آپ کے خلاف ہتکِ عزت کا کیس دائر کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ افسوس کہ آپ نے کبھی آئین پڑھا ہی نہیں کیونکہ غداری کے ارتکاب سے آپ کو کچھ نہیں بچا سکتا۔واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سندھ کے چوری کردہ پیسے سے وفاقی حکومت گرائی گئی اور این آر او ٹو لیا گیا، اب مصدقہ مجرم آصف زرداری پنجاب کے عوام کا مینڈیٹ چُرانے نکلے ہیں۔عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عزت مآب سپریم کورٹ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا وہ اس تباہی سے آگاہ نہیں؟ کیا جمہوریت، آئین، قوم کی اخلاقیات کی تباہی کا یہ سلسلہ سوموٹو کیلئے موزوں نہیں؟