روسی صدر نے غیرملکیوں کے داخلے کا نیا اور آسان نظام متعارف کروادیا
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک میں غیرملکیوں کے داخلے کا ایک نیا اور آسان نظام متعارف کرایا جائے جس میں وہ بغیر ویزے یہاں کا سفر کرسکیں۔اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر پوتن نے وزارت داخلہ اور خارجہ کے علاوہ فیڈرل سیکیورٹی سروس حکام کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔جس میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی، کاروباری یا تعلیمی مقاصد کے لیے روس آنے والے غیرملکیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ لینے والے غیر ملکیوں کے لیے ویزا فری نظام متعارف کرانے کے لیے تجاویز تیار کی جائیں۔
روسی صدر کی جانب سے دی گئی ہدایات میں ملٹی انٹری ویزوں کی میعاد میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے میں ضابطوں میں نرمی کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔اس سے قبل روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں کروز بحری جہازوں پر سفر کرنے والے سیاحوں کے منظم گروپوں کو ایک مخصوص مدت کے لیے بغیر ویزا کے روسی سرزمین پر داخل ہونے اور قیام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔