دی لیجنڈ آف مولا جٹ بھارت میں 23 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی

انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے ناصرف قومی سطح پر فلمی شائقین کو محظوظ کیا ہے بلکہ پوری دنیا میں باکس آفس پر شاندار پزیرائی حاصل کی ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یورپ، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ میں زبردست پزیرائی حاصل کرنے کے بعد اب یہ فلم بھارت میں بھی ریلیز ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بھارت میں 23 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی لیکن ابھی اس حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے باکس آفس پر بالی ووڈ کی کئی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ فلم برطانیہ میں 1.39 ملین پاؤنڈز کا ریکارڈ بزنس کرنے کے بعد بالی ووڈ کی فلم ’پدماوت‘، ’ریس 3‘، ’زیرو‘، ’RRR’ ،‘KGF 2‘، ’سنجو‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ جیسی ہٹ فلموں کو مات دے کر باکس آفس پر برصغیر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن چکی ہے۔