حمزہ شہباز کی حکومت رہیگی یا اسے گھر جانا ہوگا،فیصلے کا وقت ہوا چاہتاہے،پنجاب میں اب کس کی حکومت بننے جا رہی ہے؟ جانیے تفصیل
لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب کی حکومت کا مستقبل کیا ہو گا، حمزہ شہباز کی حکومت بچے گی یا انہیں رخصت ہونا پڑے گا، اس کا فیصلہ آئندہ چند روز میں ہو جائے گا۔ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے مہم کا آج آخری دن ہے جس کے لیے امیدوار ووٹروں کو منانے کے لیے آخری جتن کر رہے ہیں اور وعدے قسموں کا کھلا استعمال کیا جا رہا ہے۔پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں پر ضمنی انتخاب کے لیے اتوار 17 جولائی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔دوسری جانب ضمنی انتخابات کے دوران ماحول سازگار رکھنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور متعلقہ اداروں کو ضمنی انتخابات کے دوران پر امن ماحول کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں کہا گیا کہ الیکشن کے دوران اسلحہ بردار اکٹھے کرنے والے امیدوار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائےگی۔مزید برآں پولنگ کے دوران شر پسند عناصر سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحریری طور پر آگاہ کرنےکی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ادھر پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 20 حلقوں کے لیے 47 لاکھ 30 ہزار 600 بیلٹ پیپرز چھاپے ہیں جبکہ ایک لاکھ 53 ہزار657 اضافی بیلٹ پیپرز بھی چھاپے گئےہیں۔