جوبائیڈن کایوکرین کو80کروڑڈالرکی امداد،ڈرون دینے کا اعلان

ولادی میر پوتین جنگی مجرم ،امریکا کا نیا فوجی امدادی پیکج یوکرین کو بے مثال مددفراہم کرے گا،بائیڈن کی گفتگو

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو طیارہ شکن نظام اور ڈرون سمیت 80 کروڑڈالر کی اضافی حفاظتی امداد مہیا کرنے کی منظوری دینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بائیڈن نے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر یوکرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کی قیادت کررہا ہے۔اس کے تحت ہم آج بے پایاں سلامتی اور انسانی امداد مہیا کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم آنے والے دنوں اورہفتوں میں مزید کام جاری رکھیں گے۔ہم پابندیوں کی سزا کے ذریعے صدر ولادی میرپوتین کی معیشت کو کمزورکررہے ہیں، یہ پابندیاں وقت کے ساتھ ساتھ مزید تکلیف دہ ثابت ہوں گی۔ان کا کہنا تھاکہ ا مریکا اوراقوام متحدہ جن اصولوں کے ساتھ کھڑے ہیں،وہ اب دا پرلگے ہوئے ہیں۔ وہ جب یوکرین کے لیے اضافی امدادی پیکج کا اعلان کررہے تھے تو وزیرخارجہ انٹونی بلینکن ،نائب وزیردفاع کیتھلین ہکس اور چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک میلے ان کے ساتھ کھڑے تھے۔بائیڈن نے مزید کہاکہ یہ امداد آزادی کے لیے ہے۔ یہ لوگوں کے اپنے مستقبل کا تعین کرنے کے حق کے بارے میں ہے۔ یہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے کہ یوکرین میں روسی صدر ولادی میر پوتین کی فتح کبھی نہیں ہوگی، چاہے وہ میدان جنگ میں کوئی بھی پیش قدمی کرلیں۔بائیڈن نے نئے ہتھیاروں کی فہرست بھی پیش کی اور بتایا کہ یوکرین کو کس قسم کے ہتھیارمنتقل کیے جا رہے ہیں۔ان کے بہ قول ان میں 800 طیارہ شکن نظام، 9000 اینٹی آرمرسسٹم، 7000 چھوٹے ہتھیار، دوکروڑ گولیاں،گولہ بارود اور ڈرون شامل ہیں۔