تصویر میں موٹا کیوں دکھایا گیا؟ اداکارہ نے برطانوی اخبار پر مقدمہ کردیا

بغداد(شوبز ڈیسک) نامور عراقی اداکارہ اور ٹاک شو کی میزبان ایناس طالب کا کہنا ہے کہ وہ برطانوی جریدے’ اکنامسٹ ‘ کے خلاف برطانیہ میں قانونی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ ایناس طالب نے برطانوی اخبار اکنامسٹ پر اپنی موٹی تصویر شائع کرنے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے اخبار کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا اعلان کیا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ اخبار کی جانب سے ان کی تصویر کو اجازت کے بغیر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے، جس سے ان کی انفرادی آزادی اور پرائیویسی کی خلاف ورزی ہوئی ہے جبکہ اداکارہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تصویر کو فوٹو شاپ کر کے انہیں موٹا دکھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس جریدے نے جولائی کی اواخر میں ایک مضمون شائع کیا تھا جس کی ہیدلائن تھی ’’عرب دنیا میں خواتین مردوں سے زیادہ موٹاپے کا شکار کیوں ہوتی ہیں“ اور اس تحریر میں ایناس طالب کی تصویر استعمال کی گئی تھی۔