بیربل گنانی کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا

جمعرات کی شام کو کراچی کے لیاری ایکسپریس وے کے قریب سابق ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی اینڈ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر بیربل گنانی کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں ڈاکٹر بیربل گنانی کی اسٹنٹ ڈاکٹر قرۃ العین زخمی ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر بیربل کو سر پر دو گولیاں لگیں ان کی اسسٹنٹ کو کندھے پر ایک گولی لگی۔موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے ٹارگٹ کر کے قتل کیا۔ ملزمان نے گاڑی کا تعاقب بھی کیا۔ واقعہ کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا ہے۔ڈاکٹر بیربل گینانی بلاشبہ ایک فرشتہ صفت انسان تھے، وہ جب تک سپنسر آئی ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ رہے خدمت خلق میں مشغول رہے، آنکھوں کے تباہ شدہ ہسپتال کو ایک فعال ادارہ بنایا، قرنیا کی پیوندکاری کا پروگرام جو کہ دہائیوں پہلے بند ہو چکا تھا اسے بحال کیا اورسری لنکا سے عطیہ کردہ قرنیے منگوا کر سینکڑوں افراد کو بینائی لوٹانے کی سعادت حاصل کی۔انہیں جب کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کا سینیئر میڈیکل ڈائریکٹر بنایا گیا تو کے ایم سی کے تباہ شدہ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو وہ ادویات ملنا شروع ہوئی جنہیں خریدنا ان کی استطاعت سے باہر تھا۔