بھارت: بڑے سرمایہ دار آزادی صحافت اور جمہوریت کا گلا گھونٹنے لگے

بھارتی صحافی رویش کمار کے این ڈی ٹی وی سے استعفے نے بھارت میں ختم کیے جانے والے آزاد میڈیا کا ایشو اجاگر کر دیا ہے۔الجزیرہ کے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ بڑے سرمایہ دار آزادی صحافت اور جمہوریت کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔آرٹیکل میں لکھا گیا ہے کہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص گوتم اڈانی نے مودی حکومت کیخلاف مضبوط آواز این ڈی ٹی وی کو خرید لیا۔ گوتم اڈانی نریندر مودی کا قریبی ساتھی ہے جس کی دولت میں مودی کے اقتدار کے دوران بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔آرٹیکل میں انکشاف کیا گیا ہے کہ این ڈی ٹی وی خریدنے والے مودی کے دوست گوتم اڈانی کی دولت 2014 میں 7 ارب ڈالر تھی جو بڑھ کر اب 110 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے اور اڈانی کے ذریعے مودی نے بھارتی میڈیا کی آخری بڑی آزاد آواز پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ جس کے بعد حکمرانوں پر بے خوف تنقید سے معروف صحافی رویش کمار نے این ڈی ٹی وی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔