بلوچستان، مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ، سبی اور لورالائی ڈیرہ غازی خان قومی شاہراہوں پر سیلابی صورتحال ہے اور تباہ ہونے والے پل کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

 پی ڈی ایم اے نے 25 اور 26 جولائی کو صوبے کے 19 اضلاع میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق صوبے میں جاری مون سون کی بارشوں کے باعث بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ فوٹ منرو کے مقام پر اور بولان کے علاقے پنجرہ پل کے مقام پر قومی شاہراہ بند ہونے سے دونوں اطراف سے ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ 

بارکھان، کوہلو، شیرانی، ہرنائی، بولان، لورالائی، خضدار، لسبیلہ، کیچ، تربت، آواران، پسنی، اورماڑہ اور گوادر کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ 

سنجاوی اور صحبت پور میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے سے بجلی کی متعدد لائنیں ٹرپ کر گئیں جن کی بحالی کا کام جاری ہے۔ 

بسیمہ کے نواحی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے متعدد مکانوں اور فصلوں کو نقصان پہنچایا، آواران کے نواحی علاقے نبات میں سیلاب کے باعث بند کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ 

وادی کوئٹہ میں ہلکی بارش کے ساتھ موسم خوشگوار رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے 19 اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہے گا۔ 

کوئٹہ، مستونگ، پشین، زیارت، کوہلو، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللّٰہ، قلات، خضدار، سبی، ہرنائی، بولان، بارکھان، لورالائی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ، گوادر، پسنی، تربت، پنجگور اور کیچ میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔